ہرارے: زمبابوے میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں معروف کاروباری شخصیت سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکومت نے حادثے میں کسی بھی شخص کے زندہ نہ بچنے کی تصدیق کردی ہے۔
زمبابوے کی حکومت کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں ایک معروف کاروباری شخصیت، 3 دیگر مسافر اور 2 پائلٹس سوار تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں ہیلی کاپٹر میں موجود تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت تاحال باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کی گئی، پولیس کی جانب سے متاثرین کے نام بعد میں جاری کیے جائیں گے۔
حکومت نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک افراد کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کی ہے۔ حکام نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے دعاگو ہیں۔
زمبابوے کے حکومتی ترجمان نک منگوانا کے مطابق حادثے سے متعلق مزید معلومات پولیس کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں زمبابوے کی معروف کروڑ پتی کاروباری شخصیت وکنیل چیوایو بھی سوار تھے، تاہم حکومت کی جانب سے تاحال ہلاک ہونے والے افراد کے ناموں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے متاثرین کی شناخت اور حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔



