اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے بائیومیٹرک ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے کی سروس مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
نادرا کے مطابق پاکستانی شہری اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا بغیر کسی فیس کے اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔ اس عمل میں انگلیوں کے نشانات، نئی تصویر اور آئرس یعنی آنکھ کی پتلی کا اسکین شامل ہے۔
بائیومیٹرک اپڈیٹ کرانے کے فوائد
نادرا کے مطابق بائیومیٹرک معلومات کو بروقت اپ ڈیٹ رکھنے سے شناخت کی چوری اور دھوکہ دہی کے خطرات کم کرنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ بینکنگ لین دین، نئی موبائل سم کے حصول اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سمیت مختلف خدمات کے دوران بائیومیٹرک تصدیق میں پیش آنے والی مشکلات بھی دور ہوسکتی ہیں۔
کن شہریوں کیلئے یہ اپڈیٹ ضروری ہے؟
نادرا نے شہریوں بالخصوص 3 سے 18 سال تک کی عمر کے ایسے بچوں کے والدین کو بائیومیٹرک معلومات اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت کی ہے جن کا تاحال تصویر والا ب فارم نہیں بن سکا۔ اس کے علاوہ تاحیات میعاد والے قومی شناختی کارڈ رکھنے والے شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
NADRA offers free biometric data updates, including fingerprints, facial and iris scans. Updated biometrics help protect against identity theft and facilitate verification for banking, mobile SIMs and POLC. Especially recommended for children aged 3-18 and lifetime CNIC holders. pic.twitter.com/6zoZE60sB4
— NADRA (@NadraPak) September 28, 2026
نادرا کے مطابق شہری قریبی نادرا دفتر، یونین کونسل میں قائم نادرا کاؤنٹر یا علاقے میں آنے والی موبائل رجسٹریشن وین سے رجوع کر کے اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا مفت اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔
دوسری جانب نادرا مراکز پر خاندان کے تمام افراد کی ایک ساتھ پراسیسنگ کے لیے فیملی ٹوکن کے ذریعے ون ونڈو کاؤنٹر سے خدمات کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
نادرا نے اپنے مراکز پر آنے والے خاندانوں کے لیے سہولت متعارف کرا دی، جس کے تحت ایک ہی فیملی ٹوکن کے ذریعے خاندان کے تمام افراد کی بیک وقت پراسیسنگ کی جاسکے گی۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ آگاہی پیغام کے مطابق اگر کوئی شہری اپنے اہلخانہ کے ہمراہ نادرا دفتر آتا ہے تو اسے الگ الگ ٹوکن لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ خاندان کے لیے ایک فیملی ٹوکن حاصل کر کے اپنی باری آنے پر ایک ہی ون ونڈو کاؤنٹر سے خاندان کے تمام افراد کے لیے مطلوبہ خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
نادرا کے مطابق اس سہولت کا مقصد خاندان کے متعدد افراد کی شناختی دستاویزات یا دیگر متعلقہ امور کے لیے بار بار مختلف کاؤنٹرز پر جانے کی ضرورت کم کرنا اور ایک ہی کاؤنٹر پر تمام افراد کی پراسیسنگ مکمل کرنا ہے۔



