لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ٹائیگر کے حملے میں فارم ملازم 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے ٹک ٹاکر اور فارم مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کاہنہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ٹائیگر قابو سے باہر ہوگیا۔
اس دوران ٹائیگر نے فارم ملازم 19 سالہ نوجوان طحٰہ پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ابتدا میں واقعے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مشکوک صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے جب تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ حملہ ٹائیگر نے کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حملہ آور ٹائیگر کو وائلڈ لائف حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جب کہ ٹائیگر کے اجازت نامے اور حفاظتی انتظامات کی جانچ جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ غفلت اور واقعے کی حقیقت چھپانے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ہوں گی۔
پولیس نے اس واقعے پر تھانہ کاہنہ میں جاں بحق نوجوان کے والد منیر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ وہ (منیر احمد) اپنے بیٹوں طٰہٰ اور ہاشم کے ساتھ ’فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم ہاؤس‘ میں کام کرتے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق بدھ 11 نومبر کی شام جب وہ فارم ہاؤس پر موجود تھے تو نعمان حسن نامی شخص فارم ہاؤس آیا اور اس نے اپنے ٹائیگر کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے طٰہٰ کو بلایا اور ٹائیگر کو پنجرے سے نکلوا کر ویڈیو بنانا شروع کردی۔
والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو بنانے کے دوران اچانک ٹائیگر نے ان کے بیٹے طٰہٰ پر حملہ کردیا۔ اس دوران شور کی آواز سن کر فارم ہاؤس کا مالک فیاض بھی موقع پر آ گیا۔
ان کے بقول حملے میں ان کا بیٹا شدید زخمی ہوا جسے نعمان حسن کی گاڑی میں ڈال کر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق منیر احمد، ان کے بیٹے ہاشم اور بھائی عبدالقیوم نے اس واقعے کو خود دیکھا ہے اور نعمان حسن نے غفلت و لاپرواہی سے ان کے بیٹے کے ساتھ ٹائیگر کو کھلا چھوڑ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنائی۔
ایف آئی آر میں فارم مالک پر جگہ فراہم کرکے مکمل حفاظتی انتظامات نہ کرکے غفلت اور لاپرواہی کا الزام لگایا گیا ہے اور نعمان حسن اور فیاض کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔



