سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جاری انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں کے دوران 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر 2026 سے بلوچستان میں جاری جامع انسدادِ دہشتگردی آپریشن کے دوران کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے تسلسل میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید ٹھکانے تلاش کرکے کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جس کے بعد آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 22 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، علاقے سے دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی کے ضلع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی کیا گیا، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے بعد شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25 ستمبر کی کارروائیوں سمیت 21 ستمبر سے اب تک بلوچستان میں مجموعی طور پر 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج و دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
Sequel to comprehensive counter terrorism operation by security forces against Indian backed Fitna Al Khawarij & Fitna Al Hindustan in Balochistan. Thirty three Indian sponsored Khwarij/ terrorists, has been sent to hell, since 21 September 2026.
On 24 September, in continuation… pic.twitter.com/tq12uHCtod
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) September 25, 2026
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مہم کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ ہے۔
بلوچستان میں 33 دہشتگردوں کی ہلاکت، صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت اور وزیراعظم نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے آپریشن شعبان کے دوران مزید خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کو سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کا ثبوت قرار دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے بھی بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے آپریشن شعبان کے دوران 33 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



