لکی مروت: خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سکیورٹی اداروں کے مشترکہ آپریشن کے دوران مطلوب دہشت گرد کمانڈرد منظور ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مارا جانے والا مطلوب دہشت گرد کمانڈر منظور ولد عزت خان شہریوں پر قاتلانہ حملوں اور سنگین دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عبدالخیل کے علاقے میں رکشے میں میچ کھیل کر واپس جانے والے کھلاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایت پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دہشت گرد کمانڈر منظور ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے لی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک دہشت گرد سی ٹی ڈی بنوں کے 7 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی، پولیس اہلکاروں پر حملے اور دیگر جرائم کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے۔


