خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ شہید اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے اور ان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
دکھ کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی ٹانک میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہیداہلکاروں کے لواحقین سے اظہارتعزیت اور زخمی اہلکاروں کےبہترعلاج کی ہدایت کی۔
صوبے میں دہشتگردی کی نئی لہر جاری
خیبر پختونخوا اس وقت دہشت گردی کی شدید لپیٹ میں ہے، گزشتہ روز ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں 3افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خود کش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہو ئے تھے۔
18 ستمبر کو کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

