کوئٹہ: بلوچستان حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد کسان اتحاد نے صوبائی حکومت کی درخواست پر اپنا دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
ہم نیوزکے مطابق صوبائی وزیرعلی مدد جتک کی قیادت میں حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر خالد باٹھ سے ملاقات کی، جس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور اتحاد کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد کسان اتحاد نے حکومت کی درخواست پر دھرنا مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکومتی وفد اور کسان اتحاد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کسانوں کے مطالبات پر پیش رفت اور انہیں حل کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی۔
حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے جائز مطالبات کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان بلوچستان حکومت بابریوسفزئی کے مطابق صوبائی حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان بات چیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیش رفت کو مثبت انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
کسان اتحاد کی جانب سے حکومت کی یقین دہانی کے بعد دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کیا گیا، فریقین نے باہمی مشاورت اورمذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دن کسان اتحاد نے 25 ستمبر سے کوئٹہ سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔
کسانوں کا کل شام 3 بجے سے کوئٹہ سے ہزاروں افراد کے ساتھ اسلام آباد لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان۔ pic.twitter.com/peT5Mc7jbR
— Atta ur Rehman Kohistani (@atta__kohistani) September 24, 2026
کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے اپنے ویڈیو بیان میں اعلان کیا تھا کہ کل (جمعہ) کی شام 3 بجے کوئٹہ پریس کلب سے لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔



