وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ملاقات میں معیشت مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کیلئے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف کے کردار کی تعریف
وزیراعظم نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری مزید مستحکم بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کیساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
Pleasure meeting IMF Managing Director Ms. Kristalina Georgieva in New York this morning. I thanked her for the Fund’s continued support and deeply appreciated her personal role in strengthening Pakistan’s constructive partnership with the IMF.
I reaffirmed our Government’s strong ownership of the reform agenda and our resolve to stay the course. Despite regional conflict and external inflationary pressures, Pakistan is steadily moving from macroeconomic stabilization towards economic recovery, with improved fiscal discipline, stronger external buffers and growing investor confidence.
We also discussed Pakistan’s forthcoming IMF programme review and our continued cooperation to strengthen economic resilience and sustain the momentum of reforms.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 23, 2026
وزیراعظم نے مالیاتی نظم وضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا اور معاشی اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔
اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی، معاشی استحکام کیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے صدر یورپی کمیشن کی بھی ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے صدر یورپی کمیشن ارزولا فان ڈیر لائن نے جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر صدر یورپی کمیشن نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتی ہے، ہمارا سٹرٹیجک روابط کا منصوبہ اس شراکت داری کی وسعت کی عکاسی کرتا ہے، یہ جمہوریت، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے مشترکہ عزم کا عکاسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، ہم نے امریکا اور ایران تنازع میں وزیراعظم کی ثالثی کوشش کو سراہا، پاکستان کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔



