اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر خان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر کے خلاف درج کردہ مقدمہ کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نفرت اور اشتعال انگیز تقریر سوشل میڈیا کے مختلف اکاؤنٹ پر چلائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جنید اکبر نے حکومتی سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی اور اس دھمکی سے اموات کا خدشہ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
مقدمہ قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کا واضح پیغام ہے، سابق وزیراعظم
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ جنید اکبر کے خلاف این سی سی آئی اے میں مقدمہ کا اندراج قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کا واضح پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کے نام پر اسلام آباد پر حملے کرنے، اسے سومنات بنانے اور لاشیں گرانے کی کھلی دھمکیاں دینا کوئی سیاسی عمل نہیں بلکہ فتنہ انگیزی اور انارکی ہے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر کے خلاف این سی سی آئی اے (NCCIA) میں ایف آئی آر کا اندراج قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کا واضح پیغام ہے۔ پُر امن احتجاج کے نام پر دارالحکومت اسلام آباد پر حملے کرنے، اسے ‘سومنات’ بنانے اور لاشیں گرانے کی کھلی دھمکیاں دینا کوئی… pic.twitter.com/QRbXzzM76c
— Shahid Khaqan Abbasi ( Fan ) (@Khaqanabbasifan) September 23, 2026
شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی سیاسی جماعت کو جلاؤ گھیراؤ، پروپیگنڈا یا سکیورٹی فورسز پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ جبکہ اشتعال انگیزی اور تشدد پھیلانے والے ہر فرد کا بلا تفریق قانون کے تحت سخت محاسبہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد کو سومنات بنا دیں گے، جنید اکبر کی دھمکی
واضح رہے کہ دو روز قبل جنید اکبر نے مردان کے ورکز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 27 ستمبر کو ہم ہر صورت اسلام آباد جائیں گے اور اسلام آباد کو سومنات بنا دیں گے، تباہ کر دیں گے لیکن راستے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔؎
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد داخلے کے لیے ایک راستہ استعمال نہیں کریں گے بلکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ سے بھی جائیں گے جبکہ مارگلہ کے پہاڑوں سے بھی اتریں گے۔
جنید اکبر کا ماضی کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلی دفعہ تو ہم ریاست کو ماں سمجھ رہے تھے لیکن ہمیں پتہ نہیں تھا کہ ریاست گولیاں چلا سکتی ہے اور ہم اپنی لاشیں اٹھاکر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ ہم اپنی لاشیں اٹھا کر واپس چلے گئے تھے اور اس وقت ہم اس پوزیشن میں نہیں تھے کہ احتجاج کرسکتے، اس دفعہ ہمیں پتہ ہے ریاست گولیاں چلائیں گی لیکن اس دفعہ ایسا نہیں ہو گا کہ لاشیں دفن کر کے خاموش رہیں، لاشیں اٹھائیں گے اور نئے لوگ آئیں گے۔
جنید اکبر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو تیاریوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، طارق فضل چوہدری
دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے جنید اکبر کے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد کو ”سومنات” بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔


