واٹس ایپ نے چیٹ میں پرانے پیغامات تلاش کرنے کا عمل مزید آسان کردیا، آئی فون صارفین کے لیے نیا سرچ شارٹ کٹ متعارف کرا دیا گیا۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے فیچر کے ذریعے صارفین کو کسی چیٹ میں سرچ کرنے کے لیے چیٹ سے باہر جاکر معلومات والے صفحے پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ سرچ آپشن اب صرف ایک ٹیپ کی دوری پر ہوگا۔
اس سے قبل کسی مخصوص چیٹ میں پرانا پیغام تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے چیٹ کا انفارمیشن اسکرین کھولنا پڑتا تھا، جہاں سے سرچ آپشن منتخب کرنے کے بعد دوبارہ چیٹ میں سرچ موڈ کھلتا تھا، نئے شارٹ کٹ سے یہ اضافی مراحل ختم کر دیے گئے ہیں۔
سرچ بٹن کہاں نظر آئے گا؟
نیا سرچ بٹن چیٹ اسکرین کے اوپری حصے میں دکھائی دے گا تاہم یہ اس وقت نظر آئے گا جب صارف گفتگو کو اوپر کی جانب اسکرول کرے گا، چیٹ کو نیچے کی طرف اسکرول کرنے پر یہ بٹن غائب ہوجائے گا۔
واٹس ایپ نے ابتدائی طور پر اس بٹن کو اسکرین کے نچلے حصے میں رکھنے کا تجربہ کیا تھا تاہم بعد میں ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے اوپر منتقل کردیا گیا۔
چینلز میں بھی سرچ کی سہولت
نئے شارٹ کٹ کا اطلاق واٹس ایپ چینلز پر بھی کیا گیا ہے، ایسے چینلز جہاں مسلسل نئی پوسٹس یا اپ ڈیٹس آتی رہتی ہیں، وہاں صارفین اب پرانی پوسٹ تلاش کرنے کے لیے بھی اسی شارٹ کٹ کے ذریعے براہ راست سرچ کرسکیں گے۔
یہ فیچر پہلے اگست میں واٹس ایپ میسنجر کے آئی او ایس کے ایک بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزائن میں مزید بہتری کی گئی۔
اب یہ سہولت WhatsApp Messenger for iOS ورژن 26.36.74 میں جاری کردی گئی ہے اور صارفین اسے ایپ اسٹور سے اپ ڈیٹ کرکے استعمال کرسکتے ہیں۔
نئے فیچر کا بنیادی مقصد چیٹس اور چینلز میں پرانے پیغامات یا پوسٹس تلاش کرنے کے عمل کو تیز اور آسان بنانا ہے۔



