اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت اپنی عوام سے زیادہ طاقتور نہیں ہوتی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ پاکستان کے عوام کے پاس اب بہت کم راستے رہ گئے ہیں، یا تو وہ اپنے منتخب رہنما کی گرفتاری، ان کے خاندان کی حراست، سیاسی جماعت کو دبانے اور انصاف سے محرومی پر خاموش رہیں یا پرامن طور پر باہر نکل کر احتجاج کے اپنے بنیادی حق کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے بھی اہلخانہ کو گرفتار اور لوگوں کو تشدد کی دھمکیاں دی جاسکتی ہیں، تاہم 25 کروڑ پاکستانیوں کو قید نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی ایک پوری نسل کی آواز کو دبایا جاسکتا ہے۔
قاسم خان نے واضح کیا کہ کوئی بھی حکومت اپنی عوام سے زیادہ طاقتور نہیں ہوسکتی۔ اور دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ پاکستانی عوام دھمکیوں کے باوجود انصاف کے حصول کے لیے متحد ہوکر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔
There is little choice left for the people of Pakistan.
Either remain silent while their chosen leader is imprisoned. Whilst his family is detained, his party is suppressed and justice is denied – or come out peacefully and exercise their fundamental right to protest.
You can…
— Kasim Khan (@Kasim_Khan_1999) September 22, 2026
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ خوف کے ذریعے حکمرانی کرنے والے افراد نہیں بلکہ عوام کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم اس سے قبل ہی ان کے وزرا، اراکین اسمبلی، رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں جن سے کسی بھی وقت راستوں کو بند کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا ہے کہ وہ 25 ستمبر کو اپنے لانگ مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔


