اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بعض حج کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ دستیاب ہونے کے باوجود عازمین کو بکنگ سے انکار کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پورٹل پرنشستیں دستیاب ہونے کے باوجود بعض ٹورآپریٹرز کی جانب سے عازمین کو کوٹہ مکمل ہونے کا بتایا جا رہا ہے جس پر متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حج پورٹل پر کوٹہ دستیاب ہونے کے باوجود اگر کسی عازم حج کو بکنگ سے انکار کیا جائے تو وہ وزارت مذہبی امور کو باقاعدہ شکایت درج کرا سکتا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج پاک حج ایپ میں موجود ’’انکوائری‘‘ کے آپشن کے ذریعے بھی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ سیکشن آفیسر مانیٹرنگ کو [email protected] پر بھی شکایت ارسال کی جا سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حج پورٹل پر دستیاب کوٹے اور ٹور آپریٹر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں فرق کی صورت میں معاملے کی جانچ کی جائے گی، موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ حج کمپنی کی مانیٹرنگ رپورٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج سے کہا ہے کہ شکایت درج کراتے وقت ٹور آپریٹر کا نام، دستیاب کوٹے کی تفصیلات اور دیگر ضروری شواہد بھی فراہم کیے جائیں تاکہ معاملے کی مؤثر انداز میں جانچ کی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم میں عازمین حج کے مفادات کا تحفظ اور شفاف بکنگ وزارت مذہبی امور کی ترجیح ہے، کسی بھی شکایت کی صورت میں دستیاب ریکارڈ اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔
وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج پورٹل پر دستیاب معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے بکنگ سے متعلق کسی بھی تضاد کی صورت میں فوری طور پر وزارت سے رابطہ کریں تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
دوسری جانب اے پی پی (ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان) کے مطابق ترجمان وزارتِ مذہبی امورکا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ اورادائیگی کے عمل کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے، جس کے لیے پاک حج ایپ اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کا ڈیجیٹل حج پورٹل استعمال کیا جا رہا ہے۔
عازمین گھر بیٹھے مختلف حج پیکیجز دیکھ کر اپنی پسند کا پیکیج منتخب کرسکتے ہیں اور مجاز حج کمپنی کا انتخاب بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حج پیکیج کی رقم کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست ادا کرنے کے بجائے صرف پاک حج ایپ کے ذریعے جمع کرائی جائے۔
وزارت کے مطابق اس طریقہ کار کا مقصد بکنگ اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانا اور عازمین کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنا ہے، پرائیویٹ حج سکیم کے تحت دستیاب نشستوں اور مجاز کمپنیوں کی تفصیلات بھی حج پورٹل پر فراہم کی گئی ہیں۔


