جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے۔
حافظ ادریس چند ہفتوں سے شدید علیل تھے، مرحوم کی نماز جنازہ منصورہ میں نماز عشاء کے بعد ادا کی جائے گی۔
حافظ ادریس کے انتقال پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس کے علاوہ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور فرید پراچہ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ ادریس کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
حافظ محمد ادریس کی نماز جنازہ رات 8 بجے نماز عشاء کے بعد منصورہ میں ادا کیا جائے گا
— Jamaat e Islami Pakistan (@JIPOfficial) September 21, 2026
حافظ ادریس کا شمار جماعت اسلامی پاکستان کی قد آور اور جید شخصیات میں ہوتا تھا، انہوں نے اپنی پوری زندگی دعوت و اقامت دین کی جدوجہد میں گزاری۔
وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے عہدے پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پنجاب کے امیر سمیت مختلف کلیدی انتظامی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیں۔
وہ ممتاز عالمی دین، شعلہ بیان مقرر اور مصنف تھے، انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر متعدد کتابیں تحریر کیں اور دینی و فکری خطبات کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت کی، وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ارکان میں شامل رہے، ان کی وفات کو جماعت اسلامی کے حلقوں میں عظیم فکری و تحریکی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔


