سنگاپور: سوشل میڈیا پر مسلسل اسکرولنگ اور خاص طور پر ڈوم اسکرولنگ کے بڑھتے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے سنگاپور حکومت نے شہریوں کو روزانہ کم از کم 15 منٹ کتاب پڑھنے کی ترغیب دینے کا منفرد منصوبہ شروع کردیا ہے، جس کے تحت مطالعہ کرنے والوں کو مالی انعام بھی دیا جائے گا۔
نیشنل لائبریری بورڈ کے تحت شروع کیے گئے اس پروگرام میں شہری اپنی روزانہ کی ریڈنگ سیشن حکومتی ویب سائٹ پر ریکارڈ کریں گے۔
پروگرام کے تحت 15 منٹ یا اس سے زیادہ مطالعہ کرنے پر 20 ورچوئل سکے دیے جائیں گے جبکہ ایک دن میں صرف ایک ریڈنگ سیشن شمار ہوگا۔
شرکاء کو 50 روزانہ ریڈنگ سیشنز مکمل کرنے پر ایک سنگاپور ڈالر ملے گا یعنی ایک سنگاپور ڈالر حاصل کرنے کے لیے مجموعی طور پر ایک ہزار ورچوئل سکے درکار ہوں گے۔
توجہ اور تنقیدی سوچ بہتر بنانے کی کوشش
سنگاپور حکومت کا کہنا ہے کہ اس گیمی فکیشن حکمت عملی کا مقصد شہریوں میں مطالعے کی عادت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ توجہ مرکوز کرنے، تنقیدی سوچ اور تخیل کو بہتر بنانا ہے۔
نیشنل لائبریری بورڈ کی سربراہ میلیسا ٹام کے مطابق پائیدار مطالعے کی عادت بڑے اہداف کے بجائے چھوٹے اور قابلِ عمل اقدامات سے پیدا کی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں لوگ ہر وقت سیکڑوں خبروں کی سرخیاں دیکھ سکتے ہیں، ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا تقریباً کسی بھی موضوع کا خلاصہ چند لمحوں میں حاصل کرسکتے ہیں، اس لیے پروگرام کا آغاز روزانہ صرف 15 منٹ مطالعے کے سادہ ہدف سے کیا گیا ہے۔
نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر تشویش
سنگاپور حکومت نوجوانوں پر سوشل میڈیا کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید اقدامات پر بھی غور کررہی ہے، جن میں روزانہ سوشل میڈیا استعمال کرنے کی وقت کی حد مقرر کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
سنگاپور میں شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مالی مراعات استعمال کرنے کا یہ پہلا منصوبہ نہیں۔ اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے پیدل چلنے کی حوصلہ افزائی کے لیے سپر مارکیٹ واؤچرز اور روزانہ مقررہ تعداد میں قدم مکمل کرنے پر انعامات دیے جاچکے ہیں۔
حکومت کو امید ہے کہ مالی انعام کے ساتھ مطالعے کو ایک روزمرہ سرگرمی بنانے کی کوشش شہریوں کو اسکرین کے بجائے کتاب کی طرف متوجہ کرنے میں مدد دے گی۔
سنگاپور کے طلبہ پہلے ہی مطالعے میں عالمی سطح پر آگے
دلچسپ بات یہ ہے کہ مطالعے کے رجحان کو بڑھانے کی حکومتی کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سنگاپور کے 15 سالہ طلبہ 2025 کے پروگرام فار انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ اسیسمنٹ (PISA) میں پڑھنے کی صلاحیت کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رہے۔
یعنی سنگاپور میں اسکول جانے والے طلبہ کی پڑھنے کی کارکردگی پہلے ہی عالمی سطح پر نمایاں ہے تاہم حکومت اب روزمرہ زندگی میں بھی شہریوں کے مطالعے کی عادت کو فروغ دینے اور مسلسل اسکرولنگ کے رجحان کو کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔



