ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران ایک انتہائی نایاب خالص سفید باز 15 لاکھ درہم، یعنی تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوگیا، جو رواں سال کی نمائش میں نیلام ہونے والا مہنگا ترین باز ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق “قرموشہ پیور الٹرا وائٹ” نامی اس باز کو امریکا کے مارک موگلچ فالکن فارم میں پالا گیا تھا۔ جو بازوں کی اعلیٰ نسل کی افزائش کے لیے عالمی سطح پر شہرت رکھتا ہے تقریباً ایک کلوگرام وزنی اس باز کی نمایاں خصوصیات میں اس کے مکمل سفید پر اور منفرد جسمانی ساخت شامل ہیں، جس نے نیلامی میں بولی دہندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

یہ باز ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن (ADIHEX) 2026 کی 23ویں ایڈیشن کے دوران ہونے والی نیلامی کے پانچویں مرحلے میں فروخت ہوا۔ اس فروخت نے رواں سال کی نمائش میں نیلامی کی سب سے زیادہ قیمت کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
نمائش میں رواں سال متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے 55 معروف فالکن بریڈنگ اور کیئر فارمز شریک ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔
عرب خصوصاً خلیجی معاشروں میں باز پالنا اور باز کے ذریعے شکار صدیوں پرانی روایت کا حصہ ہے۔ ابوظہبی میں منعقد ہونے والی یہ نمائش اسی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ دنیا بھر کے ماہرین، بریڈرز اور باز پالنے کے شوقین افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اسی قدیم روایتی شوق کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دنیا کے بہترین پرندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے ابوظہبی جیسی بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
حالیہ نیلامی میں اس نایاب سفید باز کی 4 لاکھ 8 ہزار ڈالرز میں فروخت دراصل عرب امرا کے اسی ثقافتی لگاؤ اور شاہانہ ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

