محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ مری شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی اور گلیات میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آئندہ ایک سے تین گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے، ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، تونسہ شریف اور جھنگ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بالائی سندھ میں لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، سکھر، دادو اور قمبر شہدادکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے، پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کوہاٹ، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاراچنار، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب مری شہراورگردونواح میں شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اورژالہ باری ہوئی ہے، برستے بادلوں نے مری کے موسم میں نمایاں تبدیلی پیدا کردی اور درجہ حرارت کم ہو کر 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
مری کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش اور ژالہ باری کے باعث مری کا موسم مزید سرد ہوگیا ہے اور شہریوں و سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیاحتی ہل اسٹیشن کا رخ کرنے والے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال ضرور معلوم کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اوراحتیاطی تدابیراختیارکرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سفر کرنے والے افراد کو ریسکیو اداروں اورضلعی انتظامیہ کی ہدایات پرعمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، تیز بارش کے دوران ڈرائیورز رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
شہریوں اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جاسکے۔


