پنجاب کے شہر راولپنڈی میں مختلف واقعات کے دوران ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جبکہ فائرنگ کرکے شادی شدہ خاتون کو قتل اور اس کے بھائی کو اغوا کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کے علاقے ڈھوک مستقیم میں کھیتوں سے ایک نامعلوم شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم شخص کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا گیا جبکہ لاش کے ہاتھ اور پاؤں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ نصیر آباد پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرکے شادی شدہ خاتون کو قتل کرنے اور مقتولہ کے بھائی کو اغوا کرکے حبس بے جا میں رکھنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لائے گئے جس کے نتیجے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ ملزم نے اس کی ہمشیرہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ اسے بھی اغوا کرکے حبس بے جا میں رکھا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی اقدام قتل، ضرر اور دیگر مقدمات میں ملوث رہ چکا ہے اور پولیس ریکارڈ میں بھی موجود ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف کیس کی تفتیش جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔
ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ پولیس جرائم کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور گرفتار ملزم کو شواہد کی بنیاد پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔



