واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل مسلسل جاری ہے جبکہ عالمی ممالک کو بحران ختم ہونے پر امریکا کو ہرجانہ اور اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا بڑی تعداد میں جدید ترین ہتھیار تیار کر رہا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ اور دیگر عالمی اڈوں پر امریکی افواج کو جدید اسلحے کی فراہمی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے تمام دفاعی کارخانے 24 گھنٹے فعال ہیں اور 4 سے 5 نئے ملٹری پلانٹس کی تعمیر جاری ہے۔ پیٹریاٹ، تھاڈ اور ٹوماہاکس جیسے جدید میزائل سسٹمز کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج کے پاس اعلیٰ معیار کے میزائل اور دفاعی سسٹمز کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل مسلسل جاری ہے۔ جبکہ عالمی ممالک کو بحران ختم ہونے پر امریکا کو ہرجانہ اور اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔ امریکا نے ہمیشہ اپنے فائدے سے زیادہ دوسروں کی سلامتی کے لیے کام کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دہائیوں سے عالمی توانائی اور سمندری راستوں کی حفاظت کی ذمہ داری نبھا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا میں مہنگائی کا ذمہ دار میں نہیں بلکہ جو بائیڈن انتظامیہ ہے، کیونکہ بائیڈن کے دور حکومت میں ایندھن کی قیمتیں موجودہ سطح سے بھی زیادہ تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی اقدامات کے باعث ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکا گیا، اب امریکا میں ضروری اشیا کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ ملٹری تنازع ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔


