اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے دیامر میں اسکول نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان چلاس پہنچ گئے اور متاثرہ اسکولوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کمشنر دیامر ڈویژن اور سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کو فوری رپورٹ دینے اور تمام متاثرہ اسکولوں کو جلد از جلد دوبارہ بحال کر کے درس و تدریس کا سلسلہ شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، عمران خان کی جانب سے گلگت بلتستان میں اسکولوں کو نذر آتش کئے جانے کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بچیوں کے اسکولوں سمیت متعدد اسکول نذر آتش کرنے کی خبر نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے اور ایسے مذموم واقعات کی قطعاً گنجائش نہیں ہے۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تعلیم، خصوصاً بچیوں کی تعلیم کو نئے پاکستان کا بنیادی جزو سمجھتے ہیں، ہم اپنے سکولوں کی حفاظت کریں گے، تعلیمی معیار کی بہتری کے اپنے ایجنڈے کو بہرصورت نافذ کریں گے۔
گلگت بلتستان میں بچیوں کے سکولوں سمیت متعدد سکول نذر آتش کرنے کی خبر نہایت صدمہ انگیز اور قابل مذمت ہے۔ایسے مذموم واقعات کی قطعاً گنجائش نہیں۔ہم سکولوں کی حفاظت کریں گے کیونکہ ہم نے نئے پاکستان کے بنیادی جزو کے طور پر تعلیم (خصوصاً بچیوں کی) پر توجہ مرکوز کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ https://t.co/PMXQ9obgZ9
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 3, 2018
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے دیامر میں بچیوں کے اسکولوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 اسکولوں کو دھماکوں سے تباہ کرنا دہشت گردی ہے، اسکولوں پر حملوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بچیوں کی تعلیم کے خلاف سازش کے خلاف سینہ سپر رہے گی، چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان دہشت گردوں کو فوراً پکڑ کر قوم کے سامنے لائیں۔