پاکستانی دفتر خارجہ کے نئے ترجمان سجاد حیدر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے اور انہوں نے آج اپنی پہلی نیوز بریفنگ میں میڈیا نمائندوں کو تازہ ترین صورت حال پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق سفیر سجاد حیدر خان نے 2 ستمبر 2026 کو وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا عہدہ سنبھالا۔ وہ اس کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا و سارک) کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔
سجاد حیدر خان نے فروری 2000 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
اپنے سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے وزارتِ خارجہ میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں ڈائریکٹر افریقہ، ڈائریکٹر امریکا، ڈائریکٹر آرگنائزیشن اینڈ کیریئر پلاننگ، ڈائریکٹر فارن سروس اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور اور ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک شامل ہیں۔
ان کی بیرونِ ملک سفارتی تعیناتیوں میں شام، ہنگری، جرمنی اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ وہ اکتوبر 2020 سے دسمبر 2024 تک بیلاروس میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔
سفیر سجاد حیدر خان نے پاکستان اور بیرونِ ملک مختلف پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز میں شرکت کی، جن میں سعودی عرب، ملائیشیا، امریکا، جرمنی اور انڈونیشیا کے تربیتی پروگرام شامل ہیں۔
وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل بھی ہیں اور اردو، انگریزی، عربی اور بلتی زبانیں بولتے ہیں، جبکہ انہیں جرمن، بہاسا انڈونیشیا اور روسی زبانوں کا بنیادی علم بھی ہے۔
بنیادی طور پر سجاد حیدر کا تعلق گلگلت بلتستان سے ہے۔ ان کے آبائی گاؤں کا نام کواردو ہے جو بلتستان کی خوبصورت وادیوں میں آباد شہر سکردو میں واقع ہے۔
ان کی بطور ترجمان وزارتِ خارجہ تعیناتی پر گلگت بلتستان کے لوگ پرمسرت ہیں اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو مبارک بادیں بھی دے رہے ہیں۔
