اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 51.91 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔
بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 12 ارب 66 کروڑ 90 لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے، بجلی صارفین کو ستمبر اکتوبر اور نومبر میں اضافی ادائیگیاں کرناہوں گی ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فی یونٹ 0.51914 روپے کا مثبت ایڈجسٹمنٹ لاگو ہوگا جو بجلی کے مختلف صارفین سے تین ماہ کے دوران وصول کیا جائے گا۔اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا، نیپرا کے مطابق یہ ایڈجسٹمنٹ کیپیسٹی چارجز، ویری ایبل آپریشن اینڈ مینٹی نینس (O&M) اخراجات، یوز آف سسٹم چارجز، مارکیٹ آپریٹر فیس، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (T&D) نقصانات سمیت دیگر عوامل کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اضافی بجلی کے استعمال سے متعلق پیکیج کے تحت وصولیوں اور HESCO کے لیے دوسری سہ ماہی کے دوران پاور پرچیز پرائس اور دیگر لاگت کی ایڈجسٹمنٹ بھی فیصلے میں شامل ہے۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق اگر ایڈجسٹمنٹ کی مدت سے متعلق کوئی بل نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی جاری کردیا گیا ہو تو اس فیصلے کے تحت اضافی رقم بعد کے بل میں وصول کی جاسکے گی۔
یوں ستمبر سے نومبر تک بجلی صارفین کو فی یونٹ تقریباً 52 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے تاہم مخصوص کیٹیگریز کے صارفین اس اضافی چارج سے مستثنیٰ رہیں گے۔



