ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونا 4 لاکھ 62 ہزار 936 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 10 گرام سونا 686 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 96 ہزار 893 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سونا تقریباً ایک فیصد مہنگا ہوکر 4 ہزار 401 ڈالر فی اونس کے قریب پہنچ گیا۔
سونے کی قیمت میں ردوبدل کی بڑی وجوہات
سونے کی قیمت میں ردوبدل کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی اور جغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔
عالمی سطح پر سرمایہ کار معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں جس کے باعث اس کی طلب میں اضافہ قیمتوں کو اوپر لے جاتا ہے۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر شرحِ سود میں کمی یا مستقبل میں شرحِ سود کم ہونے کی توقعات بھی سونے کی قیمت پر اثر انداز ہوتی ہیں کیونکہ کم شرحِ سود کے ماحول میں غیر سودی اثاثے کے طور پر سونے کی کشش بڑھ جاتی ہے۔
پاکستان میں عالمی قیمت کے ساتھ ساتھ روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔



