امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایمیزون ایئر کا کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر متعدد گاڑیوں سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ اتوار کو میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایمیزون پرائم ایئر کی پرواز 7598 لینڈنگ کے دوران رن وے کی حدود سے باہر نکل گئی اور وہاں موجود متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
میامی ڈیڈ فائر چیف رے جاداللہ نے رائٹرز کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 5 افراد میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔ طیارے کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں کم از کم 2 افراد پھنس گئے جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی کاک پٹ میں پھنس گئے۔
🚨 Update: Deadly Cargo Plane Crash at Miami International Airport
At least five people have died and five others were injured after an Amazon Prime Air cargo aircraft overran the runway at Miami International Airport on Sunday afternoon, striking multiple vehicles and bursting… pic.twitter.com/6XLpT6mVaP
— FL360aero (@fl360aero) September 7, 2026
حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ پائلٹ اور معاون پائلٹ حادثے میں محفوظ رہے یا نہیں اور ہلاک ہونے والے تمام افراد زمین پر موجود گاڑیوں میں سوار تھے یا نہیں۔
حادثے کے بعد آسمان پر دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے جبکہ طیارے سے ایندھن کا اخراج جاری رہا۔ ریسکیو اہلکاروں کو ایک شخص کو گاڑی کے نیچے سے بھی نکالنا پڑا۔
میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے مطابق حادثے کے بعد 60 سے زائد ریسکیو یونٹس اور تقریباً 200 اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔
حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں روک دی گئی تھیں تاہم اتوار کی شام تک ایئرپورٹ کے 4 میں سے 2 رن وے دوبارہ کھول دیے گئے۔
✈️🔥 Un Boeing 767-300 de Amazon Prime Air se salió de la pista y se incendió este domingo en el Aeropuerto Internacional de #Miami.
El vuelo 2I7598, operado por 21 Air, cubría la ruta San Juan, Puerto Rico–Miami. La aeronave cruzó una carretera y terminó en un campo cercano a… pic.twitter.com/hgQ6httz7S
— Juan Carlos Valerio (@JCarlos_Valerio) September 6, 2026
ایمیزون نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی متاثرہ خاندانوں اور دیگر افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور تحقیقات میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
کمپنی کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ کارگو کمپنی 21 ایئر چلا رہی تھی، جو ایمیزون ایئر کیلئے پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ سروس فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارہ 32 سال پرانا بوئنگ 767-300 فریٹر تھا، جو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے روانہ ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہی طیارہ 1994 سے 2015 تک مختلف ایئرلائنز کے لیے مسافر طیارے کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا تھا۔



