بھارت میں ایک نوجوان کی گاڑی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جس پر ٹریفک پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مالک کو 5 ہزار 500 بھارتی روپے کا چالان کردیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ آدتیہ سیکروار نامی نوجوان کے ساتھ مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں پیش آیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک چالان کی بنیادی وجہ وائرل ہونا نہیں بلکہ گاڑی پر بنے وہ نشانات تھے جنہیں پولیس نے خلافِ قانون قرار دیا۔
نوجوان کی گاڑی کی تقریباً پوری باڈی پر لپ اسٹک سے بنے بوسوں کے نشانات تھے۔ ان نشانات کی وجہ سے گاڑی اور نوجوان لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ اسی دوران گاڑی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جس کے بعد پولیس نوجوان کے پیچھے پڑ گئی۔
پولیس کے مطابق نوجوان کی گاڑی پر تقریباً 3 ہزار 400 لپ اسٹک کے بوسوں کے نشان تھے۔ یہ نشان آدتیہ کی گرل فرینڈ نے بنائے تھے۔ اس نے محبت جتانے کا یہ انوکھا انداز ایک غیر ملکی سوشل میڈیا ٹرینڈ سے متاثر ہو کر اپنایا اور سارے نشان ایک ایک کرکے بنائے جس میں اسے تقریباً 4 گھنٹے لگے۔
🚨अनोखा प्यार का इजहार…❤❗
📍कार पर लिपस्टिक से किए 3400 किस 💋
📍मामला मध्य प्रदेश के ग्वालियर का है।#Gwalior #MadhyaPradesh #Lipstick #Swift #Car #Piece pic.twitter.com/QSwwc01VGj— Journalist Jyoti magan 🇮🇳 (@jyotimagan555) August 25, 2026
گاڑی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تصاویر میں نظر آنے والے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے گاڑی کا سراغ لگایا اور اسے تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے گاڑی کے مالک کو طلب کرکے اس سے پوچھ گچھ کی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 500 بھارتی روپے کا چالان کردیا۔
گرل فرینڈ نے پولیس کارروائی کے بعد اپنی غلطی تسلیم کرلی، تاہم نوجوان کو چالان کی رقم بھی اپنی جیب سے بھرنی پڑی اور گاڑی سے نشان بھی خود صاف کرنا پڑے۔
