وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تعیناتی اسیکنڈمنٹ پر تین سال کے لیے کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی منظوری سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اہم اداروں میں متعدد تقرریوں، تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کو تین سال کے لیے نیکٹا میں نیشنل کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی اور سیکریٹریٹ گروپ گریڈ 21 کے محمد ریاض الدین خان کو اسٹیٹ لائف انشورنس کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔

وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کے کنٹریکٹ میں 4 ستمبر 2026 سے مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے، جبکہ جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم آفس جہانگیر مشتاق کی تعیناتی میں بھی ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔
تقرری کے منتظر پولیس سروس گریڈ 20 کے نوید احمد نثار خواجہ کی خدمات فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالے کردی گئی ہیں۔
پولیس سروس گریڈ 20 کے محمد کریم خان کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کردی گئی ہیں، جبکہ پولیس سروس گریڈ 19 کے احسن سیف اللہ کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح تقرری کے منتظر گریڈ 20 کے عمران جاوید کی بیرون ملک 14 روزہ رخصت بھی منظور کرلی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تمام تعیناتیاں اور توسیعات متعلقہ نوٹیفکیشنز کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔


