مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کابینہ میں شامل وزرا کو مختلف محکموں کے قلمدان تفویض کر دیئے گئے۔
آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے ارکان کو قلمدان تفویض کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سردار میر اکبر کو وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ اور باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وقار نور کو وزیر جنگلات و وائلڈ لائف فشریز جبکہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو وزیر صحت عامہ مقرر کیا گیا ہے۔
اظہر صادق کو وزیر ہائیر ایجوکیشن، ثاقب مجید راجہ کو وزیر توانائی و آبی وسائل اور محمد ریاست خان کو وزیر مال و بحالیات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
عمیر نعیم کو وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن جبکہ عبدالرحمان کو وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ جہاں قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے نومنتخب وزرا سے حلف لیا تھا۔
دو روز قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے حکومت کے پہلے اجلاس میں 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو فوری ریلیف، روزگار کے نئے مواقع، نوجوانوں کے لیے پروگرام، جبکہ صحت اور سفری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
کارکردگی سے متعلق انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی کارکردگی محض اعلانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے نتائج زمینی سطح پر نظر آنے چاہئیں۔ عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔
افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بے روزگاری بڑا چیلنج ہے، نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ جبکہ طلب اور ضرورت کی بنیاد پر ہنرمند پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
بنیادی سہولیات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحت، سفری سہولیات اور بنیادی عوامی خدمات میں بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔ حکومت اور انتظامیہ ٹیم ورک کے ذریعے عوامی مسائل حل کریں گے۔
افتخار گیلانی نے واضح کیا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈا حکومت کی ترجیحات کا واضح روڈ میپ ہے، جس کے ذریعے گڈ گورننس، عوامی سہولیات اور معاشی مواقع کو فروغ دیا جائے گا۔


