ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کریں گے، جس دوران یوکرین جنگ کے خاتمے اور ممکنہ جنگ بندی سے متعلق اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔
روسی خبرایجنسی کے مطابق امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنرآج اورکل روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران امریکی نمائندے روسی حکام کے ساتھ یوکرین میں جاری جنگ کی صورتحال اورجنگ بندی کے امکانات پرتبادلہ خیال کریں گے، امریکی ایلچیوں کی روسی صدرولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
روسی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ ملاقات میں یوکرین جنگ کے حوالے سے ممکنہ جنگ بندی، فریقین کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پرگفتگو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی وفد کی آمد کے سلسلے میں یوکرین پر تین دن تک حملے نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق حملوں میں عارضی وقفے کا مقصد امریکی نمائندوں کے دورے کے دوران سفارتی کوششوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوسکتا ہے۔
امریکی نمائندوں کا روس اور یوکرین کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں جاری ہیں، امریکی ایلچیوں کی روسی صدر سے ملاقات کو اس حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
دورے کے دوران جنگ بندی کے ممکنہ فارمولے، مذاکرات کی بحالی اور روس و یوکرین کے درمیان اختلافات کم کرنے کے امکانات زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔
تاہم مذاکرات کے نتائج اور جنگ بندی کے حوالے سے حتمی پیش رفت کا انحصار فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت پر ہوگا۔



