آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے مالی سال 2025-26 کے شاندار مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 242.37 ارب روپے رہا۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق کمپنی نے مالی سال کے دوران نہ صرف مضبوط مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ قومی خزانے میں بھی نمایاں حصہ ڈالا۔
ترجمان کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی سالانہ سیلز آمدن 449.19 ارب روپے رہی، جبکہ فی شیئر آمدن 56 روپے 35 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
کمپنی نے شیئر ہولڈرز کے لیے 6 روپے فی شیئر حتمی کیش ڈویڈنڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کی تاریخ کا بلند ترین سالانہ ڈویڈنڈ 17 روپے فی شیئر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران قومی خزانے میں 187 ارب روپے جمع کرائے گئے، جبکہ ملکی معیشت کے لیے 3.31 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھی بچایا گیا۔
کمپنی نے اس عرصے میں تیل اور گیس کے 9 نئے ذخائر دریافت کیے، جبکہ ریزرو ریپلیسمنٹ ریشو 236 فیصد رہی۔
ترجمان کے مطابق مالی سال 2025-26 میں او جی ڈی سی ایل کی اوسط یومیہ تیل پیداوار 32 ہزار 861 بیرل رہی۔
کمپنی کی اوسط یومیہ گیس پیداوار 667 ایم ایم ایس سی ایف ڈی جبکہ ایل پی جی کی اوسط یومیہ پیداوار 670 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا مالیاتی حجم بھی بڑھ کر 1.44 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق مالیاتی کارکردگی کے ساتھ نئے ذخائر کی دریافت، پیداوار میں تسلسل اور ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



