اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر 17 ارب 11 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر بھی بہتری آئی ہے۔
اعداد وشمارکے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر کو شامل کرنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 22 ارب 52 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
مرکزی بینک کے ذخائرمیں اضافے کو ملکی بیرونی کھاتے اور زرمبادلہ کی پوزیشن کے لئے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل بہتری سے درآمدی ادائیگیوں کی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور بیرونی شعبے پردباؤ کم کرنے میں مدد ملتی ہے، ذخائرکی موجودہ سطح ملکی معیشت کے لئے اہم سمجھی جا رہی ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں پائیداراضافے کے لئے برآمدات میں اضافہ، ترسیلات زرمیں بہتری اور بیرونی سرمایہ کاری کا تسلسل ضروری ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی ذخائر میں مرکزی بینک اورکمرشل بینکوں کے ذخائر شامل ہیں۔



