اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نظرثانی شدہ پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت 3 ستمبر 2026 سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 343.87 روپے سے بڑھ کر 346.16 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 372.03 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جو اس سے قبل 370.92 روپے فی لیٹر تھی۔
اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی وفاقی حکومت کے جاری کردہ نظرثانی شدہ پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت کی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا براہِ راست اثر موٹر سائیکل، کار اور دیگر نجی گاڑیوں کے استعمال کنندگان پر پڑے گا جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے مال بردار ٹرانسپورٹ، بسوں، زرعی مشینری اور دیگر ڈیزل سے چلنے والے شعبوں کے اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ہے، جس کے تحت اوگرا کو مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق قیمتوں پر نظرثانی کا اختیار حاصل ہے۔
واضح رہے کہ نئی قیمتیں 3 ستمبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔


