کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گرومندر سے تین ہٹی تک جہانگیر روڈ کی بحالی و تعمیر نو کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔
میئر کراچی کے مطابق منصوبے پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک کی بہتری اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے، مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 1.4 کلومیٹر طویل دوطرفہ جہانگیر روڈ کو 26 سے 32 فٹ تک چوڑا کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے تحت خراب سیوریج لائنوں کی بھی بحالی کی گئی ہے۔ سڑک کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سہراب گوٹھ جانے والے لاکھوں افراد اس شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں، جہانگیر روڈ سے گزرنے والے شہری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کاوشوں سے مستفید ہو رہے ہیں، کراچی میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے اور خراب سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم توفیق روڈ کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جبکہ یادگار فش جانے والی سڑک کی تعمیر اور سیوریج لائنوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے، گرومندر سے پٹیل پاڑہ جانے والی سڑک پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جلد ٹینڈرز جاری کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ علاقے کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے تاہم سڑک کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے سے بجلی کی بندش کے باوجود روشنی کی سہولت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے سیاسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نمائندے عوام کے درمیان رہتے ہیں، ان کے بقول جہاں سے الیکشن ہارے ہیں وہاں کے لوگوں سے کیے گئے وعدے بھی پورے کیے جائیں گے۔ وعدوں کو وفا کرنے کا سلسلہ پیپلز پارٹی کی قیادت آگے لے کر چل رہی ہے۔



