اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
نیپرا حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریکوری کے نام پر پورے فیڈر کی بجلی بند کرنا غلط عمل ہے، کسی صارف کی عدم ادائیگی کی سزا بل ادا کرنے والے صارفین کو نہیں دی جا سکتی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ ایک ماہ کے اندر حکم پر عمل درآمد کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے۔
کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی مقررہ مدت کے اندر اپنا جواب جمع کرائے گی اور اس معاملے پر ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
نیپرا کی کے الیکٹرک کو ہدایت
نیپرا نے کے الیکٹرک کو بلاشیڈول اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے فوری طور پر اجتناب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کیے۔
نیپرا نے واضح کیا کہ لائن لاسز اور ریکوری کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے، جبکہ نقصانات کی بنیاد پر کسی فیڈر کی بجلی بند کرنے کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔
بجلی چوری اور نقصانات کے تدارک کے لیے متبادل اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیپرا نے کہا کہ نادہندہ اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پورے فیڈر کی بجلی بند نہ کی جائے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو نقصانات میں کمی کے لیے مرحلہ وار اور وقت مقررہ منصوبہ تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔



