وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی، پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس طرح دو دن کے دوران پیٹرول 11 روپے جبکہ ڈیزل 14 روپے فی لیٹر سستا ہو گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 11 نومبر 2026 کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 338 روپے سے کم کرکے 335 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 371 روپے سے کم کرکے 364 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، اوگرا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 نومبر 2026 سے ہوگا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل وفاقی حکومت کی منظور کردہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کو 3 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل استعمال کرنے والوں کو 7 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد اب کم ہو چکی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان 28 فروری کو جنگ شروع ہوئی تو ڈیزل 281 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت میں اضافہ شروع ہوا۔
پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے بھی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔


