ایرانی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے امریکی اور اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ابوالفضل شکارچی نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ میں ایک ہزار اسرائیلی اہلکار ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ، جنگ میں مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے۔
ترجمان ایرانی افواج کے مطابق امریکا اور اسرائیل اپنے اہلکاروں کی ہلاکتوں کو چھپا رہے ہیں، افغانستان اور عراق جنگ میں بھی امریکا نے فوجیوں کی ہلاکتوں کو چھپایا تھا، امریکا نے افغانستان اور عراق جنگ میں اصل ہلاکتیں بعد میں ظاہر کی تھیں۔ امریکا نے ہلاک فوجیوں کی باقیات بھی بعد میں لواحقین کے حوالے کی تھیں۔
بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ امریکی فوج ہالی وڈ اور پروپیگنڈا فوج ہے جو مسلم ممالک کے وسائل کو لوٹ کا مال سمجھتی ہے۔ ایران نے دنیا کو دکھا دیا کہ امریکی فوج اور صیہونی حکومت ہالی وڈ کے دکھاوے سے زیادہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی اڈوں کو اپنے ملک میں رکھنے والے ممالک کو بھی احساس ہو گیا کہ وہ ان کی حفاظت نہیں کر سکتا، امریکا اپنا تحفظ نہیں کر سکتا وہ ان کا تحفظ کیسے کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آیت اللہ خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر حمید رضا نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا کو محاصرے میں لیا جانا چاہیے اور واشنگٹن پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے تیل برآمد کرنے والے ممالک کو بھی نشانہ بنایا جانا چاہیے۔
حمید رضا کا کہنا تھا کہ فوجی حملوں کے ذریعے ہمیں ڈرایا یا دھمکایا نہیں کیا جا سکتا ، جو کوئی بھی امریکا کی مدد کر رہا ہے، اسے نشانہ بنایا جانا چاہیے۔
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں MQ-9 ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام نے اس ڈرون کو نشانہ بنایا۔



