گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نوشہرہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، صوبے کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر 2026 کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کیا تھا، جس کے بعد صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوگئی اس سیاسی صورت حال کے تناظر میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوشہرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔
ہم نیوزکے مطابق ملاقات کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرویز خٹک نے سیاست میں طویل اننگزکھیلی ہیں اور اپنے دور میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرتے رہے ہیں، باہمی مشاورت کے ذریعے صوبے کو آگے لے جانے اورترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مختلف سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا مقصد وفاق کے ساتھ مسائل کے حل کی راہیں تلاش کرنا ہے، وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ایک پیج پر کام کریں گے تاکہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا جبکہ وزیراعظم نے دورہ پشاور کے موقع پر مختلف مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات بھی کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں، دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی یقینی بنانا ہوگی۔
ملاقات میں صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اورترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کے مشیر پرویزخٹک سے ملنے نوشہرہ پہنچ گئے
صوبے کسے سیاسی مستقبل کے حوالے سے یہ ملاقات اہم قرار دی جارہی ہے https://t.co/wwOyXKEIyH— Zakir Noshahi khan (@ZakirHussein19) October 25, 2026
اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ملاقات میں صوبے کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کو آگے لے کر جانا ہے تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ملاقات کو صوبے کے مسائل کے حل، سیاسی رابطوں کے فروغ اور وفاق کے ساتھ تعاون بڑھانے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تعزیت کے لیے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک بھی گئے، جہاں انہوں نے مولانا عبدالحق ثانی سے تعزیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے دارالعلوم حقانیہ کی دینی خدمات کو سراہا اور مولانا سمیع الحق اور مولانا حامد الحق کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔


