سعودی اتحادی فورسز نے حوثیوں کے بار بار حملوں کے جواب میں یمن میں ایک اہم فوجی آپریشن کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی 5 سرنگیں، 4 بیلسٹک میزائل لانچر اور ایک میزائل ذخیرہ گاہ تباہ کر دی ۔
پچھلے چند دنوں کے دوران سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے، مختلف واقعات میں اب تک 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز بھی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر 12 بیلسٹک میزائل داغے گئے جنہیں ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا تھا۔
اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے جاری تازہ بیان کے مطابق یمن میں کارروائی سعودی عرب کی سرزمین اور شہریوں کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنے کے لیے کی گئی۔
https://t.co/d8fuAFKAbB
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) October 26, 2026
بیان میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا نے بیلسٹک میزائلوں اور بغیر پائلٹ کے ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب اور یمن میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کیں، جس کے ردعمل میں اتحادی افواج کی مشترکہ کمان نے فوجی آپریشن کیا۔
اتحادی فورسز کے مطابق آپریشن کے دوران حوثی ملیشیا کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں فوجی اہداف کو تباہ اور غیر مؤثر بنایا گیا۔ کارروائی میں بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی 5سرنگوں، چار بیلسٹک میزائل لانچروں اور ایک میزائل ذخیرہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کا مقصد حوثی ملیشیا کی رسد کی لائنیں منقطع کرنا بھی تھا، جبکہ یمن میں محاذِ جنگ کے قریب ملیشیا کی قلعہ بندیوں، جنگجو عناصر اور فوجی سازوسامان کو بھی کارروائی کا ہدف بنایا گیا۔
اتحادی فورسز کی مشترکہ کمان نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو حوثی ملیشیا کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی اور فوجی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اتحادی فورسز یمن کے شہریوں کو بھی حوثی ملیشیا کے مبینہ مظالم سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
ترجمان کے مطابق فوجی آپریشن بین الاقوامی انسانی قانون کے روایتی اصولوں کے مطابق کیا گیا۔
قبل ازیں اتحادی فورسز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے اطلاع دی کہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا میزائل تباہ کردیا گیا۔
التحالف:
الدفاع الجوي اعترض ودمر صاروخ باليستي أطلقته الميليشيا الحوثية الإرهابية باتجاه الرياض. https://t.co/GdtWqjV7Bs
— المتحدث الرسمي باسم قوات التحالف (@CJFCSpox) October 25, 2026
