اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کردی۔
وزارت توانائی، پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا نے نظرثانی شدہ پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 29 اگست سے نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 58 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 2 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 342 روپے 60 پیسے فی لیٹر تھی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 371 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل قیمت 371 روپے 61 پیسے فی لیٹر تھی۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، وزارت توانائی کے مطابق نئی قیمتیں 29 اگست سے 31 اگست 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اماراتی خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 19 سینٹ کمی کے بعد 83.34 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو 0.23 فیصد کمی ہے۔
برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 37 سینٹ کمی کے بعد 89.33 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، برینٹ کی قیمت میں 0.41 فیصد کمی ہوئی۔
دوسری جانب مربان خام تیل کی قیمت ایک ڈالر ایک سینٹ اضافے کے بعد 94.04 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جس میں 1.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


