ملک میں سونے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے اور آج سونے کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے پر برقرار ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 لاکھ 14 ہزار 125 روپے پر مستحکم رہی۔
یاد رہے پاکستان میں سونے کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور صرافہ مارکیٹ میں قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی کے مطابق فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ جاری کیے جاتے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ
رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4 ہزار 607.47 ڈالر فی اونس ہوگئی۔امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 4 ہزار 661.20 ڈالر فی اونس پر رہی۔
رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت رواں ہفتے منگل کو 4 ہزار 696.18 ڈالر فی اونس کی 3 ماہ سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ یہ اضافہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے طویل مدتی بانڈز کے لیے معاون اقدامات کے اعلان کے بعد دیکھا گیا تھا۔
سینئر مالیاتی مارکیٹ تجزیہ کار کائل روڈا نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ سونے کی قیمت رواں سال کے اختتام تک 5 ہزار ڈالر فی اونس کی سطح دوبارہ حاصل کرلے، تاہم اس کا انحصار فیڈرل ریزرو کے بیانات اور مانیٹری پالیسی میں تبدیلیوں پر ہوگا۔



