وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں خواتین کے لیے ای وی بائیکس اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے تحت طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو میرٹ کی بنیاد پرالیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، اسکیم کا پہلا فیز جلد شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ ای وی بائیکس کے بعد صوبے میں ای وی رکشوں کی اسکیم بھی لائی جائے گی، جو صاف اورسرسبز ماحول کے فروغ کے لیے اہم اقدام ہوگا۔
57ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک بسزاسکیم پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، عوام کو جدید اورماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سہیل آفریدی نے اے ڈی پی میں شامل عوامی اسکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بیوروکریسی کو روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریٹک رکاوٹوں سے بالاتر ہوکر عوامی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا شوکت خانم اسپتال میں ذاتی ڈاکٹرز سے علاج کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی سہولت، ماحول کے تحفظ اور جدید طرز حکمرانی کے لیے نئے اقدامات جاری رکھے گی۔



