پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے 8ویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے، جبکہ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی علاقوں اور بعض اضلاع میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔
پنجاب کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے، مجموعی طور پر صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
🌦️ Press Release: Rain-wind/thundershowers are expected across the upper and central parts of Pakistan, with isolated heavy rainfall at some locations. Heavy rainfall may trigger urban flooding, flash flooding in local streams/nullahs, and landslides in vulnerable hilly areas. pic.twitter.com/sWMlnwrug2
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) August 28, 2026
خیبر پختونخوا میں بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان برقرار ہے، کشمیر میں بارش اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک/مرطوب رہنے کی توقع ہے ،سندھ کے مختلف علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم کا امکان ہے۔

