گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے اپوزیشن میں بیٹھنے یا نہ بیٹھنے کا فیصلہ کور کمیٹی کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن لیڈر سے معمول کی ملاقات ہوئی ہے، جسے سیاسی طور پرغیرمعمولی رنگ دینا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اورحکومتی بینچز قانون سازی کے حوالے سے ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، بلاول بھٹو کی اپوزیشن سے ملاقات کو چائے کی پیالی میں طوفان والی بات قرار دینا درست ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے سیاسی معاملات اورآئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے اور اپوزیشن میں بیٹھنے یا حکومت کے ساتھ رہنے سے متعلق حتمی فیصلہ پارٹی کی کور کمیٹی کرے گی، سیاسی ملاقاتوں کو کسی حتمی فیصلے سے تعبیر نہیں کرنا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا فضل الرحمان سے اپنے کیے پر معافی مانگنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اپنی جگہ لیکن ملکی سیاست میں مفاہمت اور بات چیت کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔
ملکی اورعلاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ اور سفارتکاری میں فیلڈ مارشل کا کردار مثالی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 47 سال بعد ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے، دنیا اب اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور ملک نے مشکل حالات میں ذمہ دارانہ سفارتکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کا شکار ہے، اس لیے صوبے میں کوئی لانگ مارچ یا شارٹ مارچ نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی قوتیں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے صوبے کی صورتحال مزید خراب ہو۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کا طبی معائنہ ہوا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق معاملات کو غیرضروری سیاسی تنازع نہیں بنانا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ہری پور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ ہری پور جا کر غمزدہ والدین سے ملاقات کریں گے اور ان کے دکھ میں شریک ہوں گے، متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔


