پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پری پیڈ موبائل صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے موبائل بیلنس کی کم ازکم میعاد 180 دن مقرر کردی ہے۔
پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق موبائل آپریٹرز کے ری چارج اور بیلنس کی کم ازکم مدت 180 دن ہوگی۔
پی ٹی اے کے مطابق پری پیڈ موبائل بیلنس کی 180 دن کی کم ازکم میعاد کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا، اس اقدام کا مقصد موبائل صارفین کے حقوق کا تحفظ اورانہیں بیلنس کے حوالے سے بہترسہولت فراہم کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگرکسی صارف کا موبائل بیلنس 180 دن کی مقررہ مدت کے دوران ختم ہوجاتا ہے تو دوبارہ ری چارج کرنے کی صورت میں ختم شدہ بیلنس خودکار طور پر بحال ہوجائے گا، اس طرح صارفین کو اپنے پہلے سے موجود بیلنس سے محروم نہیں ہونا پڑے گا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے اقدام سے پری پیڈ صارفین کو ری چارج اور بیلنس کی میعاد کے حوالے سے مزید تحفظ حاصل ہوگا اور موبائل آپریٹرز کے لیے بھی واضح اصول لاگو ہوں گے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ صارفین کے حقوق کے تحفظ، شفافیت اور منصفانہ کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق 180 دن کی کم ازکم میعاد سے پری پیڈ موبائل صارفین کے مفادات کو مزید تحفظ ملے گا۔



