آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے تعمیر و ترقی کے نئے وژن کا اعلان کردیا۔
آزاد کشمیر کے نامزد وزیراعظم بیرسٹرافتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جہاں بھی قائم ہوئی، وہاں عوامی حقوق کے تحفظ کے ساتھ تعمیر و ترقی کا سفر آگے بڑھا۔
بیرسٹرافتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بھی عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
حکومت سازی کے بعد خطے میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق میں وزیراعظم شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن کو آزاد کشمیر میں بھی عملی شکل دی جائے گی، وفاقی حکومت کے عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات آزاد کشمیر کے عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
نامزد وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کو بھی آزاد کشمیر میں عملی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجیح عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور خطے میں تعمیر و ترقی کے عمل کو نئی رفتار دینا ہے۔
افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کے تحفظ، خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔


