پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل چار روزہ اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا سستا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا 514 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 17 ہزار 126 روپے کا ہوگیا، عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی اور فی اونس قیمت 6 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 640 ڈالر پر آگئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی 100 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 7 ہزار 279 روپے مقرر ہوگئی۔
موجودہ اتار چڑھاؤ کے باوجود سونے کی قیمت میں مزید تیزی کا امکان برقرار ہے اور رواں ماہ فی تولہ سونا 5 لاکھ روپے کی سطح عبور کرسکتا ہے۔
سونے کی بڑھتی قیمتوں کی وجوہات میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور دیگر جغرافیائی خطرات کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس سے اس کی طلب بڑھتی ہے۔
امریکی ڈالر میں کمزوری، عالمی مارکیٹ میں سونا ڈالر میں خریدا جاتا ہے۔ ڈالر کمزور ہو تو دیگر کرنسیوں کے خریداروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوتا ہے، جس سے طلب بڑھ سکتی ہے۔ حالیہ دنوں میں ڈالر کی کمزوری نے سونے کو سہارا دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایک وجہ امریکی شرحِ سود کی توقعات: جب مارکیٹ کو شرحِ سود میں کمی یا نرم مالیاتی پالیسی کی توقع ہو تو سونے کی کشش بڑھتی ہے، کیونکہ سونا سود نہیں دیتا اور کم شرحِ سود میں اسے رکھنے کی نسبتاً کم لاگت ہوتی ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق دنیا کے مرکزی بینک اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں سونے کا حصہ بڑھا رہے ہیں۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مرکزی بینکوں نے 244 ٹن سونا خریدا۔

