پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے۔ اعلامیے کے مطابق نئے معاہدے سے پاکستان اور کویت کے موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دفاعی تعاون کے معاہدے 2023 کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں بھی معاونت کرے گا جبکہ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون باہمی طور پر طے شدہ شعبوں تک مزید وسیع کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔
پاکستان اور کویت نے باہمی سلامتی، علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تعزيزاً للشراكة الاستراتيجية بين البلدين الصديقين
التقى معالي #وزير_الدفاع الشيخ عبدالله علي عبدالله السالم الصباح، نظيره معالي وزير الدفاع بجمهورية باكستان الإسلامية الصديقة خواجة محمد آصف، في العاصمة إسلام آباد، وذلك خلال زيارة معاليه الرسمية إلى جمهورية باكستان الإسلامية… pic.twitter.com/Bn9P8tBl0C
— KUWAIT ARMY – الجيش الكويتي (@KuwaitArmyGHQ) August 27, 2026
دوسری جانب کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی وفد میں شامل تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان، کویت دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

