واشنگٹن: امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی جانب سے کیے گئے ایک بڑے سائبر ہیکنگ آپریشن کو ناکام بنا دیا گیا ہے، جس میں امریکی محکمہ انصاف، ناسا، فیڈرل ریزرو اور سینیٹ سمیت متعدد حساس اداروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی ہیکرز نے حساس امریکی اداروں کے نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم سائبر حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
ادارے نے کہا کہ سائبر حملوں میں استعمال ہونے والے دو ہیکنگ پلیٹ فارمز کی ڈومینز بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد حساس سرکاری اداروں اور اہم امریکی نظام کو سائبر خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ مبینہ چینی سائبر سرگرمیوں کے خلاف مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں کے اعلان کے بعد چین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا تھا کہ چین غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ چین ایران کے ساتھ اپنے تعاون اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں اور معاشی دباؤ مسائل کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بلکہ تنازعات اور کشیدگی کو مزید بڑھاتے ہیں۔ یکطرفہ پابندیاں عالمی اقتصادی اور مالیاتی نظام کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے متعدد افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف اقتصادی کارروائی کو انتہائی سخت مالیاتی اقدام قرار دیا ہے۔


