اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے اور اس کی جگہ سکہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ آئندہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے پر 10 روپے کا نوٹ ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری کی لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث اسے ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ تاہم موجودہ 10 روپے کے نوٹ فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے، بلکہ نئے کرنسی نوٹ جاری ہونے کے بعد یہ تبدیلی عمل میں آئے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے تیار کیے گئے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو وزیر خزانہ کی زیرصدارت قائم کمیٹی نے مسترد کر دیا۔
ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ کمیٹی کی تجاویز کے مطابق نوٹوں کے نئے فیچرز اور ڈیزائن میں ضروری تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ نئے نوٹوں میں جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے مزید سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے، تاہم جعلی نوٹوں کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہو گا۔
حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ زیادہ گردش میں ہیں۔
کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز سے بھی جعلی کرنسی نکلنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ جعلی نوٹوں میں اضافے کے باعث بعض دکاندار ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے نوٹ قبول کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں اسٹیٹ بینک نے 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک تمام کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن تیار کرنے اور جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کرنے سے متعلق بھی سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی تھی۔

