دبئی، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا تیسرا ایڈیشن 3 سے 18 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر کے سابق نامور کرکٹرز ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھی شامل ہوگئی ہے، جس کے باعث ٹورنامنٹ میں مقابلے مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان ٹیم کی نمائندگی سابق اسٹارآل راؤنڈرشاہد آفریدی کریں گے جبکہ آسٹریلیا کے سابق جارح مزاج اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں ایکشن میں ہوں گے۔
شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کا بھی انتظار رہے گا، دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان چیمپئنز کے اونر کامل خان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان ٹیم اس مرتبہ سیزن تھری میں کامیابی حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے پہلے دونوں سیزنز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اوراس مرتبہ بھی ٹیم سے شاندار نتائج کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی تجربے اور صلاحیت سے مالا مال ہیں اور اہم میچوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تیسرے ایڈیشن میں مختلف ممالک کے سابق اسٹار کھلاڑیوں کی شرکت سے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔


