لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم مختلف نظر آئے گی۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لندن میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ کے لیے فائنل الیون کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، آج پچ دیکھنے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
کھلاڑیوں کے انتخاب پر انہوں نے کہا کہ میچ جیتنے کی ذمہ داری صرف بالرز کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی ہے، انگلینڈ میں شراکت داری کے ساتھ اور بطور ٹیم کھیلنا پڑتا ہے۔ ٹیم کے لیے جو بہتر ہو گا، اسی کھلاڑی کو منتخب کیا جائے گا۔
بابر اعظم نے کہا کہ جو کھلاڑی فارم میں ہیں انہیں برقرار رکھیں گے، جبکہ فارم میں نہ ہونے والے کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ضروری ہے۔ رضوان پر بطور سینئر کھلاڑی کوئی بوجھ نہیں، تاہم ذمہ داری ضرور ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے اعتراف کیا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم اپنے معیار کے مطابق نہیں کھیل سکی، تاہم اپنی غلطیوں پر کام کیا ہے۔ مشکل وقت میں پاکستانی ٹیم بطور یونٹ آگے بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں سلمان علی آغا دوسری اسپن آپشن تھے، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں ٹیم نے بیٹنگ لائن کو طویل کیا تھا۔ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان ایک مختلف ٹیم نظر آئے گی۔ لارڈز میں کھیلنا ہمیشہ اعزاز ہوتا ہے اور وہ بطور کپتان اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔


