پرتگال کے 25 سالہ فٹبالر کوین کاسترو میچ کے دوران اچانک گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لزبن فٹبال ایسوسی ایشن نے بتایا کہ کوین کاسترو اپنے کلب ریئل ایس سی ساڈ اور ایسٹریلا دا امادورا کے درمیان کھیلے جانے والے دوستانہ میچ میں شریک تھے کہ اچانک گر پڑے اور موقع پر ہی انتقال کر گئے۔
فٹبال ایسوسی ایشن نے نوجوان کھلاڑی کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ، دوستوں اور ریئل ایس سی ساڈ سے تعزیت کی۔ فٹبالر کی اچانک موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
یہ بھی پڑھیں: نجیہہ علوی انجری کے باعث ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر
دوسری جانب ریئل اسپورٹ کلب نے کوین کاسترو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ کلب کے خاندان کا حصہ تھے اور ان سے وابستہ ہر شخص پر گہرا اثر چھوڑ گئے۔
